مشہور صاحب قلم عالمِ دین ،مؤرخِ ملت حضرت مولانا سید محمد میاں صاحب قدس اللہ سرہ نے محرم ١٣٥٧ھ مطابق مارچ ١٩٣٨ء میں ایک رسالہ ” قائد ” کے نام سے مرادآباد سے جاری کیا
جس کے مقاصد اس قدر اہم تھے: ”سیرت طیبہ اور سیرت صحابہ کی روشنی میں مسلمانوں کی مذہبی ،سیاسی اور اقتصادی اصلاح ، قدیم وجدید قوموں کے عروج وزوال کی تاریخ سے مسلمانوں کے جذبات ترقی کو بیدار کرنا ۔ عربی خواں طلبہ میں عربی کا ذوق پیدا کرنا اور ہندوستان وحجاز کے درمیان صحافتی رابطہ کا قیام”۔
اس رسالہ کے بارے میں مولانا عبید اﷲ سندھیؒ ، شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنیؒ ، علامہ سید سلیمان ندویؒ اور مولانا ابوالمحاسن سجادؒ جیسے اساطین کی آراء رسالہ میں موجود ہیں ، جس سے اس کی اہمیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ اس کے مضمون نگاروں میں مولانا سید فخرالدین صاحبؒ ، مولانا اعزازعلی صاحبؒ ، علامہ عبدالحق مدنیؒ جیسے اساطین تھے ۔